
اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی آف پاکستان کے بورڈ آف گورنرز کا دوسرا اجلاس وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی صدارت میں وزارت انسانی حقوق میں منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لیگل ایڈ جسٹس اتھارٹی آف پاکستان کے لیے تین قوانین کے مسودے جن میں فنانشل سروس اور آپریشنلائزنگ شامل ہیں کے لیے ایک ذیلی کمیٹی مقرر کی جائے گی جو دو ہفتوں میں مسودے تیار کرے گی۔مزید فیصلہ کیا گیا کہ لیگل ایڈ اور جسٹس اتھارٹی کے لیے وومن ان ڈسٹرس اینڈ ڈیٹینشن فنڈ کی منتقلی کابینہ نے پہلے ہی منظور کر لی ہے۔ وومن ان ڈسٹرس اینڈ ڈیٹینشن فنڈز کی منتقلی رولز پر منحصر نہیں ہونی چاہیے اور اس عمل کو تیز کیا جانا چاہیے۔ بورڈ آف گورنرز نے ایک ہفتے کے اندر پرو بونووکلا کی فہرست کو حتمی شکل دینے اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق ، سیکرٹری ، وزارت قانون و انصاف ، ڈائریکٹر جنرل لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی اور وزارت خزانہ اور وفاقی اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرل دفاتر کے نمائندوں نے شرکت کی۔