اہم خبریںپاکستان

پاک فضائیہ نے ملک بھر میں 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا

اسلام آباد،پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 7 ستمبر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبر ہے اور پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے۔اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید )نشانِ حیدر(کی قبر پر ائیر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہدا کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker