
بیجنگ :چین کے وزیراعظم لی چھیانگ سے بنکاک میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرنویراکول نے ملاقات کی۔لی چھیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے چار ماہ کے اندر ایک دوسرے کے ملکوں کے دورے کیے، جو دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ سطح کو بھرپور انداز میں ظاہر کرتا ہے۔ چین تھائی لینڈ کی حکومت کی مستحکم حکمرانی کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور سیاسی باہمی اعتماد کی بنیاد کو مزید مستحکم بنانے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کی حمایت کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے تھائی لینڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ تعاون کے مزید عملی نتائج حاصل ہوں اور دونوں ممالک کے عوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو غیر قانونی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی مزید مضبوط بنانی چاہیے۔ چین-آسیان، لنکانگ-میکانگ تعاون، اقوام متحدہ، عالمی تجارتی تنظیم، ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم اور دیگر کثیرالجہتی فورمز کے تحت چین تھائی لینڈ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی اور تعاون جاری رکھنے کے لیے بھی تیار ہے، تاکہ عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرنویراکول نے کہا کہ تھائی لینڈ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہت تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ، چین کے ساتھ جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مسلسل نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔ تھائی لینڈ اپیک رہنماؤں کے غیر رسمی اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے چین کی حمایت کرتا ہے اور لنکانگ-میکانگ تعاون کے رہنماؤں کے اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے بھی چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ خطے کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے آٹو موٹیو انڈسٹری، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، زراعت، کسٹمز اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ ملاقات سے قبل، تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرنویراکول نے ایوانِ وزیراعظم میں لی چھیانگ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔14 نومبر کی صبح چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بنکاک میں تھائی لینڈ کی قومی اسمبلی کے صدر اور ایوانِ زیریں کے اسپیکر سوپون زرم سے ملاقات کی۔ تھائی قومی اسمبلی کے نائب صدر اور ایوانِ بالا کے صدر مونگکول سورسجا سمیت دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔




