بین الاقوامیٹاپ سٹوری

پاکستان روس کے ساتھ عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے تیار ہے، فیصل نیاز ترمذی

ماسکو:(آئی پی ایس)  پاکستان اور روس نے ثقافت، تعلیم، نوجوانوں کے تبادلوں اور عجائب گھروں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ ثقافتی اور تعلیمی روابط مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ بین الاقوامی ثقافتی میلے ’’روس مشرق‘‘ میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستان کی ثقافت، فنون اور قومی ورثے کی بھرپور نمائندگی کرے گا۔
سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار 10 نومبر کو روسی جمہوریہ تاتارستان کے دارالحکومت کازان میں ’’عوامی سفارت کاری کے نمونے کے طور پر مشرقی بازار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ ’’روس مشرق‘‘ اس بات کی نمایاں مثال ہے کہ روایتی دستکاریاں، کھانے، موسیقی اور مشترکہ ثقافتی روایات مختلف ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور تاتارستان کے درمیان ثقافتی و تاریخی مماثلتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں معاشروں میں مختلف مذاہب، زبانوں اور روایات کے حامل لوگ آباد ہیں اور دونوں بھرپور اسلامی تہذیبی ورثے کے امین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے، جبکہ تاتارستان یورپ اور ایشیا کے درمیان اہم رابطے کی حیثیت رکھتا ہے۔ دونوں خطوں کی یہ جغرافیائی اور ثقافتی خصوصیات انہیں مختلف تہذیبوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بناتی ہیں۔
سفیر پاکستان نے کازان کی تاریخی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کازان کریملن میں مسجد اور گرجا گھر کی قربت مذہبی رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کی خوبصورت مثال ہے۔ پاکستان میں بھی مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کی اقدار کو اہمیت دی جاتی ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں، تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون، نوجوانوں کے تبادلوں اور عجائب گھروں کے روابط کے ذریعے پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ’’روس مشرق‘‘ بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستان کے ثقافتی ورثے، فنون اور روایات کی بھرپور نمائندگی کرے گا تاکہ روسی عوام اور دیگر ممالک کے شرکاء پاکستان کی ثقافت سے روشناس ہوسکیں۔
گول میز کانفرنس میں تاتار ثقافتی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر رفعت فتحوف، تاتارستان کے مرکز برائے ترقیِ تخلیقی صنعتوں کے ڈائریکٹر جنرل رانکو تیپاوچیوچ، اکیڈمی آف یوتھ ڈپلومیسی اینڈ کری ایٹو کمیونیکیشنز کی چیئرپرسن دلبر صادقووا اور ہائر اسکول آف اکنامکس یونیورسٹی کے لیونید عیسیٰیف سمیت مختلف ثقافتی، تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافت، تعلیم، سنیما اور سائنسی و تحقیقی تبادلے روس اور اسلامی دنیا کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے عوامی سفارت کاری کے فروغ کے لیے ثقافتی و تعلیمی اداروں کے درمیان روابط اور براہ راست عوامی رابطوں کو اہم قرار دیا۔
واضح رہے کہ کازان میں بین الاقوامی ثقافتی میلے ’’روس مشرق‘‘ کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو منعقد ہوئی تھی، جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی تھی۔ اگلے روز ہونے والی گول میز کانفرنس میں ثقافتی سفارت کاری اور روس و اسلامی دنیا کے درمیان عوامی روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker