
سفارتی ذرائع نے امریکی نیوز ویب سائٹ سے بات چیت میں کہا کہ وسط مدتی انتخابات سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوشش جاری ہے، قطری ثالثوں نے گزشتہ روز تہران میں 12 گھنٹے سے زائد طویل مذاکرات کیے جن میں مثبت پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق قطر امریکا اور ایران پر زور دے رہا ہے کہ وہ باہمی اقدامات کے ایک ایسے پیکیج پر اتفاق کریں جس پر چند دنوں کے اندر عمل درآمد کیا جاسکے اور دونوں فریق ایران کے جوہری پروگرام سمیت دیگر معاملات پر براہِ راست مذاکرات دوبارہ شروع کر سکیں۔
امریکی عہدیدار کے مطابق اب تک دو متضاد مطالبات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، ٹرمپ انتظامیہ کا اصرار ہے کہ ایران مذاکرات کی بحالی کے بدلے جوہری معاملات پر رعایتیں دے جب کہ ایران کا مطالبہ ہے کہ امریکا پہلے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرے، منجمد ایرانی اثاثے جاری کرے اور ایران کو تیل فروخت کرنے کی اجازت دے۔
امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری رہے گا۔





