پاکستان

بہترین کارکردگی پر ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی کو وزیرِ صحت پنجاب کا تعریفی لیٹر، اہلِ میانوالی میں خوشی کی لہر

لاہور: چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ لاہور ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی، سکنہ حسن خیل لعلو خیل، کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں وزیرِ صحت پنجاب کی جانب سے تعریفی لیٹر سے نوازا گیا ہے، جس پر اہلِ میانوالی، نیازی قوم اور یارو خیل برادری نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی کی اس کامیابی کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت، لگن اور شعبۂ صحت میں خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لاہور جیسے بڑے شہر میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ ضلع میانوالی اور ان سے وابستہ برادریوں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔

اہلِ میانوالی اور نیازی قوم کے افراد نے ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی کو اس اعزاز پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے، عزم اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی کو مزید کامیابیوں سے نوازے، ان کی عزت و توقیر میں اضافہ فرمائے اور انہیں عوامی خدمت کے مزید مواقع عطا کرے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker