بین الاقوامیتازہ ترین

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

دبئی: (آئی پی ایس )امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جس سے عالمی توانائی کی منڈیوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے شپ ٹریکنگ کمپنی کپلر کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کے روز صرف چھ بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جو گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران سب سے کم یومیہ تعداد ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے دو بھرے ہوئے آئل ٹینکرز کے ذریعے تقریباً 20 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل اور پانچ لاکھ بیرل کویتی تیل کی مصنوعات منتقل کی جا رہی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق تین خالی آئل ٹینکرز خلیج میں داخل ہوئے تاکہ وہ وہاں سے تیل اور دیگر مصنوعات لوڈ کر سکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت بیشتر بحری جہازوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹرانسپونڈر (شناختی سگنل) عارضی طور پر بند کر دیے، تاکہ ان کی نقل و حرکت کی نگرانی محدود رہے۔

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں اور بحری سلامتی سے متعلق خدشات نے عالمی شپنگ کمپنیوں کو زیادہ محتاط بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے والی تجارتی سرگرمیوں میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور توانائی کی بڑی مقدار مختلف ممالک تک پہنچائی جاتی ہے۔ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی تیل کی قیمتوں، سپلائی چین اور بین الاقوامی تجارت پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker