
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جن زیر زمین ایٹمی تنصیبات میں انتہائی افزودہ یورینیم محفوظ کیا ہوا ہے انہیں سیل کرکے ان کے تک پہنچنے کے راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کردی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی انٹیلی جنس سے واقف ذرائع کے مطابق ایران نے حالیہ ہفتوں میں اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں جن میں زیر زمین سرنگوں کو منہدم کرنا اور داخلی راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کرنا شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق تقریباً نصف ٹن انتہائی افزودہ یورینیم تک رسائی اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل، خطرناک اور وقت طلب ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی برادری کے اندازوں کے مطابق اس ذخیرے کا بڑا حصہ وسطی ایران میں واقع اصفہان جوہری تنصیب کی منہدم شدہ سرنگوں میں موجود ہے جبکہ کچھ مواد دیگر مقامات پر بھی رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مئی کے وسط میں امریکی فوج اس جوہری مواد پر قبضے کے لیے ایک آپریشن کے لیے تیار تھی تاہم اسے انتہائی خطرناک قرار دے کر مؤخر کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کے بعد سے ایران نے ان مقامات کو مزید مضبوط اور محفوظ بنا دیا ہے۔





