تجارتتازہ ترین

قومی اقتصادی سروے کے اعدادوشمار معیشت کے بتدریج استحکام کی نشاندہی کرتے ہیں، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد (آئی پی ایس)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے قومی اقتصادی سروے 2025-26 پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سروے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، تاہم متعدد اہم شعبے ابھی بھی اپنی مکمل استعداد کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں، تعمیرات، معلومات و مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں مقررہ اہداف سے بہتر یا قریب تر کارکردگی خوش آئند ہے، جو درست پالیسی اقدامات کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔

تاہم زرعی شعبے کی نمو کا ہدف سے نمایاں کم رہنا باعث تشویش ہے کیونکہ زراعت ملکی معیشت، روزگار اور برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بجلی، گیس اور واٹر سپلائی کے شعبے میں منفی نمو اور مالیاتی شعبے کی انتہائی سست کارکردگی اس امر کی متقاضی ہے کہ حکومت توانائی کی لاگت میں کمی، سستے قرضوں کی فراہمی اور کاروبار دوست اصلاحات کو ترجیح دے تاکہ نجی شعبے کا اعتماد بحال ہو اور سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی شرح نمو کا مقررہ ہدف سے کم رہنا اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے، کاروبار کی لاگت کم کی جائے اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر ایسی تجاویز پیش کرتی رہے گی جو برآمدات، صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker