
اسلام آباد:صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے کاسی کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقدہ ویبنار میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بطور نائب صدر کاسی ممبر ممالک کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک انتہائی منافع بخش مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مائن اینڈ منرلز، ڈویلپمنٹ سیکٹر، آئی ٹی، زراعت، توانائی سمیت دیگر شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیاں، منافع بخش مارکیٹ اور بدلتے ہوئے معاشی حالات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔ حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں معاشی استحکام حاصل کیا ہے جبکہ نچلی سطح سے اوپر تک اٹھائے گئے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور کاسی مل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے اور مواقع کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے ممبر ممالک کے مندوبین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور دنیا کے امن کے لیے ہماری قیادت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔





