
فتح جنگ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی خدمت کے وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماہِ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور عوام دوست افسر چوہدری شفقت محمود نے شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے اور گرانفروشی کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جو روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں کی چیکنگ کر رہی ہے۔
تشکیل دی گئی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر سبزی و فروٹ منڈیوں، کریانہ اسٹورز، جنرل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کر رہی ہے تاکہ سرکاری نرخناموں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ چیکنگ کے دوران دکانداروں کو سرکاری نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں جبکہ زائد قیمت وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف موقع پر کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عام آدمی کو مہنگائی سے بچایا جا سکے اور اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں۔ انہوں نے دکانداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ مقررہ نرخوں کی پابندی کریں اور صارفین کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول ٹیموں کی مسلسل نگرانی سے بازاروں میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح باقاعدگی سے چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا تو گرانفروشی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا اور شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔





