پاکستان

لودھراں پائلٹ پراجیکٹ معذور افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن گیا

ملتان (آئی پی ایس) جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے کا ایک قابلِ احترام اور اہم حصہ ہیں، جنہیں سہارا دینے اور بااختیار بنانے کی اجتماعی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ یہ بات انہوں نے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی جانب سے معذور افراد کی بحالی کے لیے منعقدہ سالانہ مفت کیمپ کے دورے کے دوران گفتگو میں کہی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق افراد کی بحالی اور معاونت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالصبور نے جہانگیر خان ترین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 9 فری کیمپس منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں ملک بھر سے آنے والے 1327 مستحق و معذور افراد کو مفت مصنوعی اعضاء لگائے جا چکے ہیں۔
دورے کے دوران جہانگیر ترین نے مستحق معذور افراد سے ملاقات بھی کی۔ مفت مصنوعی اعضاء کی فراہمی پر معذور افراد، جن میں بچے، خواتین اور مرد حضرات شامل تھے، نے جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو اپنی زندگی میں نئی امید، خود اعتمادی اور فعال کردار کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مصنوعی اعضاء کی فراہمی نہ صرف ان کی جسمانی مشکلات میں کمی کا باعث بن رہی ہے بلکہ انہیں سماجی اور معاشی سرگرمیوں میں بہتر طور پر حصہ لینے کے قابل بھی بنا رہی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker