
چینی طرز کی جدیدکاری نے مضبوط قدم آگے بڑھائے ہیں، شی
بیجنگ:کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل نے اسپرنگ فیسٹیول کی مناسبت سے ایک روایتی تقریب کا انعقاد کیا۔ ہفتہ کے روز چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے سی پی سی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک بھر کی تمام قومیتوں کے عوام، ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے ہم وطنوں، مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے کے ہم وطنوں، تائیوان کے ہم وطنوں اور بیرونِ ملک مقیم چینی باشندوں کو نئے سال کی مبارک باد پیش کی۔
شی جن پھنگ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ رخصت ہونے والا "سانپ سے منسوب سال” ایک غیر معمولی سال تھا۔ پیچیدہ اور بدلتی ہوئی بین الاقوامی و داخلی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے، ہم نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہے، جس کے نتیجے میں پارٹی اور ملکی امور میں نئی پیش رفت اور نئے ثمرات حاصل ہوئے۔ سال بھر کے دوران اقتصادی و سماجی ترقی کے اہم اہداف اور ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل ہوئیں،چودہواں پانچ سالہ منصوبہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا، اور ملک کی اقتصادی طاقت، سائنسی و تکنیکی طاقت، دفاعی طاقت اور مجموعی قومی قوت نئی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے۔ چینی طرز کی جدیدکاری نے نئے اور مضبوط قدم آگے بڑھائے ہیں۔شی جن پھنگ نے واضح کیا کہ 2026 کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کا سال ہے اور یہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کا سال بھی ہے۔ ہمیں مستحکم پیش رفت کے مجموعی اصول پر کاربند رہتے ہوئے، نئے ترقیاتی ڈھانچے کی تشکیل کو تیز کرنا ہوگا، اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ پر بھرپور توجہ دینی ہوگی، سماجی ہم آہنگی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہوگا، اور ہمہ گیر طور پر پارٹی کے سخت نظم و ضبط کے نفاذ کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا، تاکہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا خوشگوار آغاز ممکن بنایا جا سکے۔شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ "گھوڑے سے منسوب سال” میں امید ہے کہ ملک بھر کی تمام قومیتوں کے عوام سی پی سی مرکزی کمیٹی کے گرد مزید مضبوطی سے متحد ہوں گے اور مشترکہ طور پر ایک زیادہ خوبصورت مستقبل کی تخلیق کریں گے۔





