اسلام آباد(آئی پی ایس)توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر پاکستان ٹيلی کميونيکيشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے وکی پیڈیا تک پاکستان میں رسائی کو بلاک کر ديا ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کو پاکستان میں ڈی گریڈ کیا گیا تھا۔ پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کو 48 گھنٹوں کا حتمی نوٹس جاری کیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے وکی پیڈیا کو سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا، تاہم وکی پیڈیا نے توہین آمیز مواد ہٹانے کی تعمیل کی، نہ اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔

پابندی سے متعلق پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ کردہ مواد ہٹانے کے بعد اتھارٹی پلیٹ فارم سے پابندیاں ہٹا دے گی۔