
پو لیس کے تعاون سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی نظام مزیدبہتر کریں گے۔ احسن ظفر بختاوری
آئی جی پولیس اسلام آباد نے صدر آئی سی سی آئی کے ہمراہ آئی ایٹ مرکز میں سکیورٹی کمیروں کی تنصیب کا افتتاح کیا
اسلام آباد ( ) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ کاروباری حضرات کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں نصب کیمروں کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کر کے شہر میں سیکورٹی کو مزید بہتر کریں گے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ہمراہ آئی ایٹ مرکز میںسیکورٹی کیمروں کی تنصیب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے تاجروں کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت آئی ایٹ مرکز میں سیکورٹی کیمرے لگانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ دیگر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے تاجروں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے تا کہ ان کیمروں کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کر کے کاروباری علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور امن و امان بہتر ہو گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے تعاون سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کو مزید بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایٹ مرکز کے تاجروں نے اپنے وسائل سے مارکیٹ میں کیمرے لگا کر ایک عمدہ مثال قائم کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر مارکیٹیں بھی اس مشن کو آگے بڑھانے میں تعاون کریں گی جس سے کاروباری علاقوں اور شہر میں چوری، موبائل چھیننے اور دیگر جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی دارالحکومت کو جرائم سے پاک شہر بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس کے ساتھ ہرممکن مکمل تعاون کرے گا۔
ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آئی ایٹ مرکز کے صدر راجہ فیاض گل اور سیکرٹری جنرل زاہد قریشی نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے تاجروں کے تعاون سے مارکیٹ میں کیمرے لگائے ہیں تا کہ جرائم کو کنٹرول کرنے میں پولیس کی مدد کی جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دوسری مارکیٹوں کے تاجر بھی اس مہم میں حصہ لے کر اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجر برادری اور پولیس کا اسلام آباد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک محفوظ اور سازگارشہر بنانے میں اہم کردار ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے اس قومی ذمہ داری کو بخوبی ادا کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے آئی ایٹ مرکز کی ایسوسی ایشن اور تاجروں کی کیمرے لگانے کی کوشش کو سراہا کیونکہ اس سے آئی ایٹ میں جرائم کم ہوں گے اور کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔