
کھٹمنڈو(آئی پی ایس) نیپال میں مسافر بردار ہیلی کاپٹر ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب پہاڑی سلسلے سولکھمبو میں زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک لا پتہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال میں مسافر بردار ہیلی کاپٹر NA-MV نے سورکے ہوائی اڈے سے کھٹمنڈو کیلئے پرواز بھری تھی لیکن اڑان کے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تھا۔
لاپتا ہیلی کاپٹر کی تلاش میں گئے سرچ آپریشن ٹیم کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی سلسلے سولکھمبو کے ضلع لامجورا سے مل گیا۔ ہیلی کاپٹر میں 6 افراد سوار تھے لیکن ملبے سے 5 لاشیں نکالی گئیں۔ ایک لا پتہ ہے۔لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر مبینہ طور پر پہاڑی کی چوٹی پر ایک درخت سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا تاہم ابھی تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے۔ایوی ایشن نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔





