
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی سے پاکستان میں کوریا کے سفیر Suh Sangpyo نے گزشتہ روز ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران کوریا کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
جاوید مرتضیٰ عباسی نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) میں بے پناہ امکانات موجود ہیں جن میں توسیع اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے کا قومی معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ہے اور اس کی تمام صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔وزیر نے کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں کوریا کو وسطی ایشیا کی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے دستیاب ہیں۔
انہوں نے کوریائی مصنوعات خصوصاً سولر پینلز کے معیار کی تعریف کی اور توانائی کے شعبے میں موجودہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔دونوں فریقین نے پاکستان میں کورین کمپنیوں کے جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کی مزید توسیع پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران انہوں نے پارلیمانی اور حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈیم بنانے والی کمپنی سٹار ہائیڈرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیر نے یقین دلایا کہ ایل سیز [لیٹرز آف کریڈٹ] کھولنے میں درپیش مشکلات کو جلد حل کر لیا جائے گا۔جاوید مرتضیٰ عباسی نے سیاحت کے شعبے میں ملک کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا اور اس کی ترقی پر زور دیا۔