
راولپنڈی(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے حکمرانوں سے الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے، فوری انتخابات ملک کے لیے ناگزیر ہیں،قوم کو بیدار کرنے کاہمارا مشن مکمل ہوگیا، پاکستان کے مستقبل کے فیصلے امریکہ اور برطانیہ نہیں بلکہ پاکستانی عوام کرینگے۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن حالات سے آج گزر رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا لیکن ہم پہل نہیں کریں گے، یہ حکومت بیرونی مداخلت سے آئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں مداخلت کی بات تسلیم ہوئی تھی۔
عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، عمران خان میں عوام کو موبلائز کرنے کی صلاحیت ہے، انہوں نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، نوازشریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے، نواز شریف کوپیغام دینا چاہتا ہوں یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے، کوئی لندن امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچیں گے اس دن عوام کا سمندر ہوگا، حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے، اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں اوراسی کو جتھے کہتے ہیں،جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے، ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں، ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے۔
افواج پاکستان کی ملک کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکی ادارے اسلحہ سے مضبوط نہیں ہوتے ، مضبوط قوم پیچھے ہوتی ہے، ایک دم سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا منصوبہ ہے، صورتحا ل دیکھ کرہی حکمت عملی طے ہوتی ہے،ایک طرف کہہ رہے ہیں 200 لوگ نکل رہے ہیں، دوسری طرف عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، اگر 200 لوگ نکل رہے ہوتے تو اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند نہ کر دیا جاتا۔
حکمرانوں کو نظر آرہا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، دو آپشن تھے جلدی کر کے جمعے تک اسلام آباد پہنچیں یا دن زیادہ لگتے ہیں تو لگ جائیں۔





