اسلام آباد(آئی پی ایس)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پاکٹ سائز "لائن سٹاف حفاظتی کتابچے” کے اجراء کا اعلان کردیا۔ آج یہ ڈسٹریبیوشن سیکٹر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس حفاظتی کتابچے پر کام اس سال کے آغاز میں معزز اتھارٹی کی سرپرستی اور رہنمائی میں اورنیپرا کے ’بجلی حفاظت کے ساتھ‘ کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا۔
اس حفاظتی کتابچے کو اردو زبان میں اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ لائن سٹاف اسے ہر وقت اپنی جیب میں رکھ سکے اور ممکنہ حادثات سے بچنے کے لیے درست اور ضروری معلومات کے لیے فوری طور پر فیلڈ میں اس سے رجوع کر سکے۔ اس کتابچے کی تیاری کے دوران انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹیسس، اسٹینڈرڈز اور کوڈز جیسے اے ایس ٹی اہم، آئی ای سی، ائی ٹرپل ہی، این ایف پی اے اور این ای ایس سی، وغیرہ سے استفادہ کیا گیا اوراس کتابچے میں دیے گئے تمام مضامین اور اسباق کی اچھی طرح مکمل تحقیق اور چھان بین کی گئی تاکہ یہ ہمارے موجودہ تقاضوں کے عین مطابق ہو اور صحیح معلومات لائن سٹاف کے پاس پہنچ سکے تاکہ ان کی قیمتی زندگیاں فیلڈ میں محفوظ رہیں۔چیئرمین نیپرا توصیف حسن فاروقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کارکنوں کی جانوں کا تحفظ نیپرا کی ’بجلی حفاظت کے ساتھ‘ کی مہم کا ایک اہم ہدف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ حفاظتی کتابچے اس مقصد کو حاصل کرنے میں بہت زیادہ معاون ثابت ہوگی اور بالآخر پاور سیکٹر میں بالخصوص ڈسٹریبیوشن سیکٹر میں صفر حادثات کا باعث بنے گی۔





