اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنے حمایتیوں میں جس انتہا پسندی کو فروغ دے رہا ہے وہ معاشرے کے لئے کینسر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنےجاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گزشتہ روز ہوئے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ مسجد نبوی ﷺ میں پی ٹی آئی کے ورکروں کی طرف سے ہلڑبازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
جاری کردہ ٹوئٹ میں احسن اقبال لکھتے ہیں کہ یہ وہ مقام ہے جہاں آواز اورنچی کرنے کی ممانعت ہے اور فرشتے بھی پلکیں جھکا کے گزرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عمران نیازی اپنے حمایتیوں میں جس جنونیت اور انتہا پسندی کو فروغ دے رہا ہے وہ معاشرے کے لئے کینسر ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، ان کے دورے کو پہلے ہی سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اس دورے پر جانے والے افراد کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا کر دیا ہے، ان افراد کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس دورے کے لیے پی آئی اے کا ایک جہاز بُک کیا گیا ہے، تاہم یہ خبر بعد میں غلط ثابت ہوئی اور حکومت نے اس کی پر زور تردید کی۔
حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کے افراد اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے جبکہ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ شریف فیملی نے اقتدار میں آنے کے فوراﹰ بعد ہی قومی خزانے کو لوٹنا شروع کر دیا ہے اور ’’پورے کے پورے ٹبر‘‘کو سعودی عرب لے جایا جا رہا ہے۔
اب ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں لوگوں کو مسجدِ نبوی میں حکومتی وفد کے خلاف چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔





