
اسلام آباد (آئی پی ایس ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں سیاسی رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اپنا اپنا سیاسی نکتہ نظر پیش کیا۔گفتگو کے دوران دونوں سیاسی رہنماؤں نے جلد ہی ملاقات پر بھی اتفاق کیا ۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد جماعت اسلامی سے پارٹی کے سیاسی تعلقات میں کسی حد تک گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔چند روز قبل سابق وزیر اعظم عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔اس موقع پر بھی ملکی سیاسی صورتحال، دوطرفہ معاملات پر بات چیت ہوئی اور دونوں قائدین نے روابط میں تسلسل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔





