چین کی خلائی تحقیق میں کئیرئر راکٹ سیریز کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، اس فیملی میں لانگ مارچ کئیرئر راکٹ 6A کی شمولیت نے نئے باب کا اضافہ کر دیا ہے۔ چائنا ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے مطابق، چین نے لانگ مارچ 6A کیرئیر راکٹ کی پہلی پرواز چین کے صوبے شانزے کے تائی یوان کے سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کی۔چینی میڈ یا کے مطا بق شام 5 بج کر 50 منٹ پر اس راکٹ نے اپنی پہلی اڑان بھری۔ اس راکٹ کی مدد سے دو سیٹلائٹس پوچیانگ ٹو اور تھیان کن ٹو کو ان کے مداروں میں منتقل کیا گیا۔ موجودہ پرواز لانچ لانگ مارچ راکٹ فیملی کی 413 ویں پرواز اور 2022 میں انجام دیا جانے والا چین کا ساتواں خلائی مشن تھا۔
شنگھائی اکیڈمی آف اسپیس فلائٹ ٹیکنالوجی کی طرف سے تیار کیا گیا، لانگ مارچ 6A ایک درمیانے درجے کا راکٹ ہے اور یہ 50 میٹر طویل ہے ۔ اس کو مائع ایندھن سے چلنے والے کور بوسٹر اور چار سالڈ فیول سائیڈ بوسٹر سے توانائی فراہم کی جاتی ہے۔ کور بوسٹر کا قطر 3.35 میٹر ہے اور اسے مائع آکسیجن اور مٹی کے تیل کو جلانے والے دو 120 ٹن تھرسٹ انجنوں کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔