
لاہور(آئی پی ایس)تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے کیلئے اتحادیوں کو منانے کا مشن، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی لاہور میں چودھری برادران سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور وفاقی وزرا کی جانب سے وزیراعظم کا اہم پیغام پہنچایا گیا۔تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لئیاتحادیوں کو منانے کا مشن لیکر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی و پرویز خٹک چوہدری برادران کے گھر پہنچے تو چوہدری پرویز الہی اور مونس الہی نے وفد کا استقبال کیا
اس موقع پر مونس الہی کا کہنا تھا کہ دعا کریں سب اچھا ہو گا جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور یہ بات طے ہے۔ملاقات میں گلے شکوے بھی ہوئے، ق لیگ کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہر اہم موقع پر نظر انداز کیا گیا، چوہدری سالک حسین کا حلقہ ہو یا طارق بشیر چیمہ اتحادیوں جیسا سلوک نظر نہیں آیا، حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال رہے لیکن اتحادی مشاورت میں کہیں شامل نہ تھے، اتحادی ہونے کے باوجود اپوزیشن جیسا درجہ دیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ہمارے دل میں آپ کی بڑی عزت ہے، اتحاد کی ڈور کو مضبوط سے مضبوط ہونا چاہیے۔قبل ازیں میڈیا سے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہوگا، ڈرامے کے کردار تبدیل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی، آدھی بانٹی جارہی ہے، سیاست میں اسلام کو لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، ہمارا مستقبل اللہ کے فضل سے روشن ہے، ہمارا دامن پاک صاف اور دین سے جڑا ہوا ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے مزید کہا کہ جو لوگ باہر بیٹھے ہیں ان کی بیماری کی ابھی دوائی نہیں آئی، جلسوں کی سیاست سے تحریک عدم اعتماد پر فرق نہیں پڑے گا۔





