
اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے قوم پر قرض کا بوجھ 18000 ارب بڑھادیا،پوری قوم جانتی ہے کہ عمران نیازی کتنا حاجی ہے، عمران نیازی تاریخ کا سب سے بڑا لوٹا ہے، بے پیندے کے اس لوٹے نے اپنے ہر دعوے کے الٹ کرکے دکھایا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کے معیشت کی بہتری کے دعووں کو جھوٹ کا پلندہ اور فراڈ قرار دے دیا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران نیازی تاریخ کا سب سے بڑا لوٹا ہے، بے پیندے کے اس لوٹے نے اپنے ہر دعوے کے الٹ کرکے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ آج کیا ہے؟وہ بتائیں، قوم کو مہنگائی کے کرنٹ لگانے والے اب بچ نہیں سکتے ، پوری قوم جانتی ہے کہ عمران نیازی کتنا حاجی ہے ۔عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک اور معاشی خودمختاری آئی ایم ایف کے حوالے کردی ہے، آئی ایم ایف نے پابندی لگائی ہے کہ اسٹیٹ بینک حکومت کو کوئی قرض نہیں دے گا، قوم کو سچ بتائیں۔
ڈپٹی سیکریٹری نے کہا کہ ہول سیل خسارے میں جولائی سے فروری کے دوران 22 فیصد اضافہ ہوا جبکہ عمومی مہنگائی میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے قوم پر قرض کا بوجھ 18000 ارب بڑھادیا ، 71 سال میں جتنا قرض لیا گیا عمران نیازی نے ساڑھے تین سال میں اس سے زیادہ لیا۔عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانڈز کی قیمت میں اضافہ نہ ہوا تو پاکستان مارکیٹس سے قرض بھی نہیں لے سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات کی کئی اقسام میں کمی ہوئی ، چمڑے، مچھلی، پھل، پھنکے ، گزشتہ سال کے مقابلے میں میں 45 فیصد کمی آئی ہے۔





