ٹیکنالوجی

ایپل نے اپنا نیا آئی فون 13 متعارف کروا دیا

نیویارک (آئی پی ایس )امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا آئی فون 13 متعارف کروا دیا ۔ اس نئے آئی فون ماڈل میں ویڈیوز کو ‘پورٹریٹ موڈ’ میں بنانے کا فیچر متعارف کروایا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ‘پورٹریٹ موڈ’ فیچر میں بنائی گئی ویڈیو میں اب صارفین کو منظر اور پس منظر کی گہرائی اور بہتر رزلٹ مل سکے گا۔ایپل کمپنی کے مطابق اس نئے آئی فون 13 میں ویڈیوز کے لیے ایک نیا فیچر ‘سنیماٹک موڈ’ بھی متعارف کروایا گیا ہے جس میں کیمرہ فریم میں آنے والے فرد کی شناخت کر کے فوکس اس جانب کر دے گا۔ کمپنی نے کیمرے فوکس کی تبدیلی کو ‘پل فوکس’ کا نام دیا ہے۔کمپنی کے سی ای او ٹم کک کا نئے آئی فون 13 کو متعارف کرواتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ واحد سمارٹ فون ہے جو صارفین کو ویڈیو بنانے کے بعد بھی یہ ایفکٹ ایڈٹ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔تاہم، آئی فون کے نئے ماڈل کی زیادہ تر دیگر خصوصیات پچھلے ورژن کے فیچرز کی اپ ڈیٹس ہیں۔آئی فون 13 متعارف کروانے تقریب میں ایپل فونز میں ایک نئی خرابی کی خبروں کا چرچا بھی رہا جو صارفین کے پیغامات کو بے نقاب کر سکتی ہے۔ایپل نے پیر کو اس انجان خرابی کو دور کرنے کے لیے ایک نیا سکیورٹی پیچ جاری کیا ہے۔ اس خرابی کے باعث حملہ آور بنا آئی فون صارفین کے کسی نقصان دہ فائل یا لنک کے کلک کیے بنا ان کے آئی میسیج تک رسائی حاصل کر سکتے تھے۔ایپل کے نئے آئی فون 13 میں تیز پروسیسنگ کے لیے اے 15 چپ لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس کا ڈسپلے زیادہ روشن ہے، اور اس کی بیٹری لائف ڈھائی گھنٹے زیادہ چلتی ہے۔اس نئے آئی فون کو دیدہ زیب گلابی، نیلے، ‘مڈنائٹ سٹارلائٹ’ اور لال رنگوں میں متعارف کیا گیا ہے۔نئے آئی فون میں پانچ سو جی بی تک کی سٹورج دی گئی ہے اور اس ماڈل میں کم سے کم سٹوریج 128 جی بی ہے جو گذشتہ ماڈلز میں 64 جی بی تک تھی۔آئی فون پراڈکٹ مارکیٹنگ کی نائب صدر کیانے ڈرانس کا کہنا تھا کہ ایپل اپنے نئے فونز کی تیاری ماحولیات کو ذہن میں رکھ کر کی گئی ہے اور اس میں بہت سی ری سائیکل اشیا کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت میں پہلی مرتبہ اس فون کے انٹینا کو ری سائیکل کی گئی پانی کی پلاسٹک کی بوتلوں سے بنایا گیا ہے۔ایپل نے آئی فون 13 کے ساتھ ساتھ آئی فون 13 منی، آئی فون 13 پرو، اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈل بھی متعارف کروائے ہیں۔ آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈلز میں تین کیمرے ہیں جنھیں ایپل ‘اب تک کے سب سے جدید کیمرہ سسٹم’ قرار دیتا ہے۔اس کے پریمیم ماڈلز میں سپر ریٹینا ایکس ڈی آر ڈسپلے اور پرو موشن جیسے فیچرز بھی ہے۔ جو ویڈیو کو ایک نئی جدت دیتے ہیں۔اس کے باعث سکرولنگ، اینیمیشن اور گیمنگ میں نئی جدت اور آسانی پیدا ہوتی ہے۔نئے آئی فون 13 منی کی قیمت 679 برطانوی پانڈز سے شروع ہوتی ہے، آئی فون 13 کی قیمت 779 پاونڈز، آئی فون 13 پرو کی قیمت 949 پانڈز سے شروع ہوتی ہے جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1049 پانڈز سے شروع ہوتی ہے۔نئے ایپل آئی فون کو ایک ایسے وقت میں متعارف کروایا گیا ہے جب صارفین نئے فونز لینے کی بجائے زیادہ عرصہ تک اپنے فونز استعمال کر رہے ہیں۔ ایک سرمایہ کار کمپنی ویڈ بش کے اندازے کے مطابق دنیا بھر میں تقریبا 25 کروڑ آئی فون صارفین نے گذشتہ ساڑھے تین برسوں میں اپنا فون اپ گریڈ نہیں کیا ہے۔پی پی فورسائٹ نامی کمپنی کے تجزیہ کار پالو کا کہنا ہے کہ ایپل کے لیے سب سے منافع بخش پراڈکٹ آئی فون ہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘البتہ بہت سے صارفین اپنے فونز کو اپ گریڈ کرنا ضروری سمجھے گے کیونکہ اب بھی لاکھوں ایسے صارفین ہیں جو فائیو جی ٹیکنالوجی پر اب تک منتقل نہیں ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ فائیو جی کا فیچر صرف آئی فون 12 اور اس سے نئے ماڈلز میں ہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker