بیجنگ (آئی پی ایس )چینی کمپنی شیاؤمی نے پہلی مرتبہ دنیا کی تیسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی کا اعزاز اپنے نام کرلیا، جس کی بڑی وجہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران موبائل فون کی فروخت میں اضافہ ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شیاؤمی نے اپریل سے جون 2021 کی سہ ماہی کے دوران پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ایپل کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا تھا، پھر جون 2021 میں ایک ماہ کیلئے پہلی بار اس نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔ریسرچ کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق جون 2021 کے دوران شیاؤمی نے سام سنگ اور ایپل سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کیے۔جون میں کمپنی نے مئی 2021 کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کیے اور دنیا بھر میں فون مارکیٹ میں اس کا شیئر 17.1 فیصد رہا تاہم ایک ماہ سے زیادہ یہ اعزاز چینی کمپنی کے پاس نہیں رہا۔شیاؤمی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شیاؤمی مستقبل قریب میں سام سنگ اور ایپل پر سبقت لینے میں کامیاب ہوگی اور تین سال کے دوران کمپنی دنیا کی نمبر ون کمپنی بن جائے گی۔شیاؤمی کے زیادہ تر فونز کم آمدنی یا متوسط طبقے کو مدنظر رکھ کر متعارف کرائے جاتے ہیں مگر اب چینی کمپنی فلیگ شپ فونز میں بھی اپنا شیئر بڑھانا چاہتی ہے، جس پر ابھی سام سنگ اور ایپل کی بالادستی ہے۔اسی حکمت عملی کے تحت شیامی نے 2021 میں می 11 الٹرا اسمارٹ فون متعارف کرایا جس کی قیمت 5999 یوآن ہے جبکہ اس کا پہلا فولڈ ایبل فون 9999 یوآن کا ہے۔