بین الاقوامیٹاپ سٹوری

اپنی سرزمین سعودی عرب کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، عراقی وزیراعظم کی ولی عہد سے ملاقات

عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ عراق اپنی سرزمین کو سعودی عرب یا خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
عرب نیوز کے مطابق عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور تنازعات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے سلسلے کے چند روز بعد ہوئی۔ سعودی حکام کے مطابق ہفتے کے روز میزائل حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ حملوں کے باعث پروازوں کا نظام متاثر ہوا اور ایئرپورٹ کی سرگرمیاں معطل کرنا پڑیں۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراق اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات مشترکہ ہیں۔
علی الزیدی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب پر حملے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں،عراق کی سلامتی اور سعودی عرب کا استحکام پورے خلیجی خطے کے امن سے جڑا ہے، بغداد ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام کے لیے پُرعزم ہے۔
عراق کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
محمد بن سلمان نے بھی مختلف شعبوں، بالخصوص سیکیورٹی تعاون اور رابطہ کاری میں عراق کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں استحکام کے لیے عراقی حکومت کی مذاکرات کی کوششوں کی حمایت کی۔
خیال رہے کہ عراقی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ علی الزیدی نے اس سے قبل 29 جولائی کو ریاض کا دورہ کرنا تھا، تاہم عراق کی سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والی پاپولر موبلائزیشن فورسز (پی ایم ایف) کی تنصیبات پر حملوں کے بعد یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker