بین الاقوامیٹاپ سٹوری

او آئی سی کی حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی حکومت کی بھرپور حمایت کا اعلان

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانا مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ حوثیوں کی جانب سے ایسے اقدامات کا تسلسل خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہے۔سیکریٹری جنرل کے مطابق یہ کارروائیاں یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حملے ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔حسین ابراہیم طہٰ نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں یمن کے بحران کے جامع اور مستقل سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں جس کے لیے عالمی برادری کوششیں کررہی ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم مملکت کی جانب سے اپنی قومی سلامتی کے تحفظ، شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت اور علاقائی استحکام یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ خطے کو مزید کشیدگی اور بدامنی سے بچانے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں اور امن عمل سے سنجیدہ وابستگی کا مظاہرہ کریں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker