بین الاقوامیٹاپ سٹوری

دشمن ہمارے خلاف ناکام رہا، دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھیں گے، ایرانی آرمی چیف

تہران:ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ حالیہ تنازعات میں دشمن ایران کے خلاف اپنے کسی بھی اسٹریٹجک مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
ایرانی فوج کے شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کا معیار یہ ہے کہ دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کی بھرپور کوششوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے اختتام تک میزائلوں اور ڈرونز کا مؤثر استعمال جاری رکھا۔ ایرانی فضائی دفاع نے بھی متعدد دشمن ڈرونز، جنگی طیاروں اور اہم اسٹریٹجک تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
امیر حاتمی نے ایرانی دفاعی قوت کو کمزور کیے جانے سے متعلق بیرونی دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اب بھی طاقت، عزم، جدت اور بہادری کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے گا اور اس میں کوئی تعطل نہیں آئے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جنرل ابن الرضا کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ایک مضبوط ایران کے قیام کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی، انہوں نے دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے، نوجوانوں اور ماہر سائنسدانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور قومی اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی تیاریوں میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔ صرف موجودہ فوجی وسائل پر انحصار کافی نہیں بلکہ مسلسل نئی طاقت اور صلاحیت پیدا کرنا ناگزیر ہے۔
قائم مقام وزیر دفاع نے ایرانی نوجوانوں اور ماہرین کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شدید پابندیوں کے دوران انہوں نے اہم ٹیکنالوجیز تیار کرکے اپنی فنی مہارت کو دفاعی صلاحیتوں میں تبدیل کیا۔ ایرانی دفاعی اہلکار اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker