
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان باصلاحیت، پرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے، واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن و استحکام بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ امن و استحکام سے سرمایہ کاری کے فروغ اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں بدلنے میں مدد ملے گی، بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا سب سے متحرک طبقہ ہیں، بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے، دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام، ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں۔





