
راولپنڈی: (آئی پی ایس) پاکستان کی افغان سرحد پرانٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 29 خارجی جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کے تحت کامیاب کارروائیاں کی گئیں، باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، مرنے والے دہشت گردوں میں ہائی ویلیو کمانڈر خان فروش عرف زبل اور بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے 3 دیگر دہشت گرد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں کامیاب کارروائیاں کی گئیں جن میں 3 دہشت گرد مراکز تباہ ہوگئے جبکہ 25 خوارج ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، کارروائیوں میں دہشت گردوں کے اسلحہ اور بارود کے ذخائر کو تباہ کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی کے حملوں کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، سکیورٹی فورسز نے غیرملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کیا ہے۔





