
بیجنگ :چین کے وزیرِ تجارت وانگ وین تاؤ نے یورپی آٹوموبائل انڈسٹری ایسوسی ایشن کے صدر اور مرسڈیز بینز گروپ کے چیئرمین اولا کالینیئس سے ملاقات کی، جس میں چین اور یورپ کے درمیان آٹو موبائل صنعت کے تعاون اور یورپی یونین کی جانب سے حالیہ تجارتی پابندیوں سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وانگ وین تاؤ نے کہا کہ رواں سال چین کے "پندرہویں پانچ سالہ منصوبے” کا آغاز ہے اور چین اعلیٰ سطح کے کھلے پن کی پالیسی کو مزید وسعت دے گا، جس سے مرسڈیز بینز سمیت غیر ملکی کمپنیوں کو چین میں سرمایہ کاری، ترقی اور عالمی مسابقت میں حصہ لینے کے لیے مستحکم ماحول اور وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور یورپی یونین نے برقی گاڑیوں کے معاملے کو مناسب طریقے سے حل کر کے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ دونوں فریق اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تاہم حالیہ عرصے میں یورپی یونین کی جانب سے بعض ایسے معاشی و تجارتی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں تحفظ پسندانہ رجحان پایا جاتا ہے، جو چین۔یورپ اقتصادی تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ چین نے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ اولا کالینیئس نے کہا کہ مرسڈیز بینز چین کی منڈی میں طویل المدتی بنیادوں پر اپنی موجودگی برقرار رکھے گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گی، جبکہ چین کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر برقی گاڑیوں اور ذہین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت کو فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی آٹو موبائل صنعت چین کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان تجارتی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت جاری رکھے گی۔





