پاکستانٹاپ سٹوری

ملکی ضروریات کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود، صوبے سبسڈی پیکیج جمع کرائیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (آئی پی ایس) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی سبسڈی پیکیج کے لیے بلوچستان نے طے شدہ رقم جمع کرا دی ہے، امید ہے کہ باقی صوبے بھی جلد جمع کرا دیں گے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، سبسڈی کی فراہمی پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی.

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں شفافیت کیلئے یہ سبسڈی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے، سبسڈی کی رقوم کی فراہمی کی فی الفور ہدایت کی جس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے[ جو سبسڈی پیر کے دن سے فراہم کی جانی تھی، اس کا ہفتے کو چھٹی والے دن آغاز ہوچکا ہے؎

انہوں نے مزید کہا کہ اس سبسڈی کو مہیا کرنے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرک، بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو فراہم کی گئی ہیں، بلوچستان کی حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے طے شدہ رقم جمع کرا دی گئی ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کہ باقی صوبے بھی اس پیکج کے لئے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے، گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، پٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لٹر کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا، پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے جس کی بدولت مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے، عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker