
بیجنگ(آئی پی ایس) چائنا کوسٹ گارڈ کے ترجمان لیو دے جون نے کہا کہ 16 اکتوبر کو فلپائن کے دو جاسوسی طیارے غیر قانونی طور پر چین کے ہوانگ یئن جزیرے کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جس پر چائنا کوسٹ گارڈ نے قانون کے مطابق ان کا تعاقب کر کے انہیں حدود سے باہر نکالا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں، فلپائن مختلف بہانوں کے تحت طیارے بھیج کر بار بار ہوانگ یئن جزیرے کے قریب سمندری اور فضائی حدود میں غیر قانونی طور پر مداخلت کر رہا ہے، جو چین کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلپائن پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی مداخلت اور پروپیگنڈا کو بند کرے۔ترجمان نے کہا کہ ہوانگ یئن جزیرہ چین کی سرزمین کا حصہ ہے اور چائنا کوسٹ گارڈ قومی سرزمین کی خودمختاری اور سمندری حقوق کی حفاظت قانون کے مطابق مضبوطی سے برقرار رکھے گی۔