تجارت

بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے اور معیشت کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ عاطف اکرام شیخ

چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے بجٹ تجاویز تیار کر کے حکومت کو دی جائیں ۔ احسن بختاوری
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس سے ملاقات
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی اور بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کے حل اور معیشت کی بحالی کے لیے مل جل کر کام کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے احسن بختاوری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور وہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ان کے مسائل کے حل اور کاروبار کی ترقی میں انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مسئلے سے نمٹنے، شرح سود کو کو کم کرنے، برآمدات کو بہتر بنانے، زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے اور معیشت کی بحالی کے لیے نئی آنے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کو معیشت کے اہم معاملات پر اعتماد میں لے کر چلیں گے تاکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی متفقہ آواز کو حکومتی حکام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے بہتر کوششیں کر رہا ہے اور وہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے اور صنعت و تجارت کی بہتر ترقی کو ممکن بنانے کیلئے آئی سی سی آئی کے ساتھ ہمیشہ تعاون کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس موقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ صدر ایف پی سی سی آئی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تا کہ پاکستان کومشکلات سے نکال کر پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کی برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لہذا ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر برآمدی شعبے کے مسائل کو حل کرنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے بجٹ تجاویز پر کام شروع کرے تاکہ حکومت کو آئندہ بجٹ کے لیے بزنس کمیونٹی کی آرائ پر مبنی تجاویز کی ایک جامع دستاویز پیش کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ملک میں کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر کرنے کی کوششوں میں ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عاطف اکرام شیخ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ایک پل کر کردار ادا کریں گے اور نجی شعبے کیلئے سازگار ماحول کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker