دبئی(آئی پی ایس)متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں پیر سے شروع ہونے والی پانچ روزہ گلف فوڈ نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی سب سے بڑی فوڈ نمائش میں پاکستانی نمائش کنندگان کی مصنوعات کی نمائش کا خیرمقدم کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گلف فوڈ میں فوڈ انڈسٹری سے متعلق تقریبا 100 پاکستانی ادارے حصہ لے رہے ہیں، یہ بات انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ خطے میں پاکستانی خوراک سے متعلق اشیاکی برآمدات میں صرف ایک سال کے عرصے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر چاول اور گوشت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی ڈیری مصنوعات کو متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں متاثر کن رسائی حاصل کرتے ہوئے دیکھا ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور خوش قسمتی سے ہمارے پاس اس سال گلف فوڈ میں ڈیری مصنوعات کے متعدد برآمد کنندگان ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی وسیع قدرتی صلاحیت کے پیش نظر برآمدات میں اضافہ ہی ملک کی معاشی خوشحالی کے حصول کا راستہ ہے۔ سفیر نے کہا کہ ہمارے کسان، زراعت پر مبنی صنعتکار اور تاجر ہماری قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جنہیں غیر استعمال شدہ منڈیوں کو تلاش کرکے برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دینی چاہئے۔
گلف فوڈ ایک بہت بڑی نمائش ہے جس میں 100 سے زیادہ ممالک کی شرکت پوری دنیا سے کھانے کی مصنوعات کو راغب کرتی ہے۔ پاکستانی نمائش کنندگان چاول، دودھ کی مصنوعات، مصالحہ جات، جڑی بوٹیوں اور مشروبات سمیت جاری نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔ سفیر نے قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ دبئی حسین محمد، ، کمرشل قونصلر عدیم خان اور پاکستانی مشن کے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے لگائے گئے متعدد سٹالز کا دورہ کیا۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان پویلین کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آئندہ نمائش اور برآمدات کے فروغ کی سرگرمیوں میں اپنی شرکت کو مزید بڑھائیں۔ انہوں نے شرکاکو خطے میں برآمدات بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول میں سفارتخانے کی جانب سے مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔