ٹاپ سٹوری

پی ٹی آئی نے الیکشن کو متنازع بناکرجمہوریت کوڈی ریل کرنے کی کوشش کی: ن لیگ


لاہور(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کے روز شام تک کسی بھی صوبے میں کسی جماعت نے الیکشن سے متعلق کسی قسم کے کوئی اعتراضات یا سوال نہیں اٹھائے۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور میں نو منتخب رکن قومی اسمبلی عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کے روز 5 بجے پولنگ کا ختم ہونے کے بعد 6 بجے میڈیا پر نتائج آنا شروع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ اپنی جماعت کے امیدواروں سے بات کر رہے تھے تو فارم 45 مرتب کیے جا رہے تھے، جبکہ یہی فارم 45 میڈیا پر دکھائے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 45 کو پہلے ہی مارکیٹ میں اور سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا، ٹی وی چینلز کو دیا گیا اور انہیں فیڈ کیا گیا، جس وقت یہ فارم 45 ٹی وی پر چل رہے تھے وہ اس وقت مرتب کیے جا رہے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے عطا تارڑ سے فارم لے کر میڈیا کو دیے، جس کے بعد میڈیا نےرات ساڑھے 10 اور 11 بجے کے درمیان ان فارمز کے مطابق عطا تارڑ کے حلقے کے نتائج اپنی اسکرینوں پر تبدیل کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں کہ اسی طرح دیگر کئی حلقوں کے نتائج بھی ٹی وی پر پیش کیے جاتے رہے اور ٹی وی پر 2، 4، 6 اور 10 فیصد نتائج کے ساتھ ’جیت گئے‘ اور ’ہار گئے‘ کا تاثر بنایا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ اس حوالے سے وائٹ پیپر تیار کر رہی ہے جسے جلد پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم زیادہ پریشان اس لیے بھی تھے کہ ہمارے نتائج ابھی مرتب ہو رہے تھے، ہمارے امیدوار فوراً آر اوز کے دفاتر پہنچے اور الیکشن کمیشن کو اطلاع دی کہ ہمارے نتائج روکے جا رہے ہیں جس کا نقصان مسلم لیگ ن کو ہو رہا ہے کیونکہ ٹی وی پر اس کے برعکس ایک جھوٹا بیانیہ چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ فارم 45 جن کا بعد میں پتہ چلا کہ وہ جعلی ہیں تو مخالف جماعتوں کے علاوہ ن لیگ نے بھی الیکشن کمیشن میں پٹیشنز دیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کے امیدواروں کے وکلا نے الیکشن کمیشن میں صرف ٹی وی اسکرینز کے اسکرین شاٹس جمع کروائے، اصلی فارم 45 جمع نہیں کرائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں جب ان اعتراضات پر سوال ان سے سوال کیا گیا کہ فارم 45 کدھر ہیں تو ان کے پاس وہ موجود نہیں تھے، انہوں نے صرف اسکرین شاٹس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن میں کہا کہ ن لیگ کے پاس موجود فارم 45 جعلی ہے اور جو ان کے پاس ہے وہ اصلی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر سارا مدعا فارم 45 کا ہے تو پھر زیادہ آزاد امیدوار جیتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ سارے فارم 45 جعلی ہیں۔انہوں نے کہا ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہمارے پاس موجود فارم 45 جعلی ہوں اور آپ کے پاس موجود ٹی وی اسکرینوں کے شاٹس اصلی جس کی وجہ سے آپ کا امیدوار جیتا ہوا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker