اہم خبریںتازہ ترین

امید ہے سپریم کورٹ اپنے اوپر لگے داغ دھوئے گی، بلاول بھٹو

اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ذوالفقار علی بھٹو کے لیے انصاف چاہیے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے خلاف ریفرنس کے ذریعے عدالت عظمی اپنے اوپر لگے داغ دھوئے گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 12 سال بعد سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس پر سماعت ہورہی ہے جس پر وہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور بینچ میں شامل تمام جج صاحبان کے شکر گزار ہیں۔
بلاول بھٹو نےکہا کہ انہوں نے 2018 میں سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی کہ اس ریفرنس کو سنا جائے اور انہیں قانونی طور پر وارث ہونے کے ناطے اس کیس میں فریق بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریفرنس ہماری عدلیہ کے لیے ایک امتحان ہے اور ہمارے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے لیے انصاف چاہیے، صدر زرداری نے اپنے ریفرنس میں جو سوالات اٹھائے ہمیں ان کے جواب چاہئیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عدالت، عدلیہ اور قانون پر اس فیصلے کے حوالے سے جو داغ ہے وہ ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا ایسا کرنے سے آپ ہمیں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، میر مرتضی بھٹو، میر شاہنواز بھٹو اور اس جدو جہد میں شہید ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنان تو واپس نہیں دلوا سکتے مگر موجودہ چیف جسٹس اور دیگر جج صاحبان سے امید ہے کہ جو کچھ وہ کرسکتے ہیں اتنا تو کرلیں۔
انہوں نے کہا، ’اگر ذوالفقار علی بھٹو یا بینظیر بھٹو آپ کے سامنے نہیں ہیں تو مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور مجھے اور اس قوم کو بتایا جائے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھا، جسے عدالت نے قاتل قرار دیا وہ دراصل مظلوم تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں جنرل ضیاالحق ہی نہیں بلکہ پورا نظام کی جانب سے الزامات عائد کیے گئے، اس نظام میں آمر، قانون، عدالت اور سیاستدان شامل تھے جنہیں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker