
اسلام آباد(آئی پی ایس)انسدادِ دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف توڑ پھوڑ اور احتجاج سے متعلق کیس میں ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے احتجاج اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ملزمان سابق ممبران اسمبلی راجہ خرم نواز اور عامر محمود کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی وکلاء سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے حاضر ملزمان کی حاضری لگائی۔ وکلاء نے موقف اپنایا کہ جو ملزمان آتیہیں، ان کی حد تک تو کیس کو آگے بڑھایاجائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے جب تک ملزمان کی حاضری مکمل نہیں ہوتی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان حاضری یقینی بنائیں، غیر حاضر ملزمان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ عدالت نے سماعت 18 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔