میانوالی (آئی پی ایس) میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد مارے گئے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کے مطابق دس سے بارہ دہشتگردوں نے کنڈل کے مقام پر پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تھا، چھت پر تعینات اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پوسٹ پر دو اطراف سے حملہ کیا گیا تھا، پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔
عثمان انور کے مطابق حملے میں پولیس ہیڈکانسٹیبل ہارون خان بھی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ایس ایم ڈی لائٹس کے ساتھ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں، دہشتگردوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے، اندھیرے اور پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن کیا جا رہا ہے۔