کیلیفورنیا (آئی پی ایس)ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کی سہولت کے پیشِ نظر تواتر کیساتھ فیچرز پیش کر رہی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ بِیٹا ورژن میں گروپ چیٹ کیلئے نیا وائس چیٹ فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے گروپ کے کسی بھی ممبر کا فون بجے بغیر کال کی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق بِیٹا صارفین کو گروپ چیٹ میں ایک آواز کی لہروں کا نشان دِکھائی دے گا۔ اس نشان کو دبانے سے وائس چیٹ خود بخود شروع ہوجائے گی اور ایک مخصوص انٹرفیس ظاہر ہوگا۔
گروپ میں موجود تمام ممبران کسی بھی وقت وائس چیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ لیکن 60 منٹ کے دورانیے تک اگر کوئی بھی ممبر چیٹ میں شامل نہیں ہوا تو چیٹ خود بخود ختم ہوجائے گی۔تاہم، کوئی بھی ممبر کسی بھی وقت اپنی مرضی سے نئی آڈیو گفتگو کا آغاز کر سکتا ہے۔
یہ نیا فیچر مخصوص گروپس میں ہی دستیاب ہوگا۔ عمومی طور پر ان گروپس میں جن میں 32 سے زائد ممبران ہوں گے۔
اس فیچر کا اہم فائدہ یہ ہے کہ گروپ کے کسی بھی ممبر کا فون بجے بغیر کال کی جاسکتی ہے۔ البتہ، جب ایک نئی وائس کال کی شروعات ہوگی تو تمام ممبران کو ایک خاموش نوٹیفکیشن موصول ہوگا اور گروپ کے نشان پر ایک چھوٹا سا تھمب نیل واضح ہوجائے گا۔
یہ فیچر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے تاکہ وائس کال کا تمام مواد اس کے شرکاء کے درمیان تک ہی محدود رہے۔