لاہور (آئی پی ایس)جنرل ہسپتال میں زیر علاج 15 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ کی حالت پھر تشویشناک ہو گئی رضوانہ کو وینٹی لیٹر پر منتقل کئے جانے کا امکان ہے ۔
لاہور کے جنرل ہسپتال میں تشدد کا شکار بچی رضوانہ بدستور آٹھویں روز زیر علاج ہے ، پوسٹ گریجویٹ کالج لاہور کے پرنسپل پروفیسرالفرید ظفر نے بتایا ہے کہ رضوانہ کی طبیعت کبھی ٹھیک کبھی خراب ہو جاتی ہے ، رضوانہ کو تاحال آکسیجن سپورٹ پر رکھا ہے کیونکہ اس کا آکسیجن لیول پھر خراب ہو رہا ہے۔
پروفیسر الفرید نے کہا کہ بچی کا آج آکسیجن لیول ٹھیک کرنے کیلئےگزشتہ روز برونکو سکوپی کی گئی تھی، رضوانہ کی آج فیزوتھراپی بھی کی گئی جبکہ بچی کے علاج کیلئے سائیکالوجیسٹ اور کارڈیالوجسٹ کی ٹیم بھی معائنہ کر رہی ہے۔
پروفیسر الفرید کاکہنا ہے کہ رضوانہ کو سیپسیس کی بیماری ہے جس کی وجہ سے جسم میں انفیکشن ہے، انفیکشن ختم کرنے کیلئے اینٹی بائیوٹک ادویات بھی جاری ہیں ، رضوانہ کے روزانہ کی بنیاد پر تمام ضروری ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں تاہم مختلف بیماریوں کی وجہ سے طبیعت میں اتار چڑھاؤجاری ہے ۔