تجارت

ریاستی اداروں کی فروخت، پاکستان سوویرن ویلتھ فنڈ قائم کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(آئی پی ایس) وفاقی حکومت نے سات ریاستی اداروں کو بیچنے کی تیاری کرلی، اس مقصد کیلئےپہلے پاکستان سوویرن ویلتھ فنڈ قائم کیا جائے گا، پھر ان اثاثوں کو فنڈ میں تبدیل کرکے ان کے حصص فروخت کیلیے پیش کرد ئیے جائیں گے۔

وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بتایا کہ اتحادی حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی پارلیمانی ایکٹ کے ذریعے پاکستان سوویرن ویلتھ فنڈ کی تشکیل کرے گی، اس حوالے سے اگلے ہفتے قومی اسمبلی میں بل بھی پیش کیا جاسکتا ہے، فنڈ کو تین اہم قوانین پرائیویٹائزیشن کمیشن آرڈینینس، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس اور اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ سے استثنیٰ بھی دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حکومت سات ریاستی اداروں کو فنڈ میں منتقل کرے گی، جن کی مالیت کا تخمینہ 2.3 ٹریلین روپے ہے، حکومت نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، نیشنل بینک، پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو فروخت کرنے کیلئےمنتخب کیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ماضی میں آئل اینڈ گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرچکا ہے، حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات میں گرمجوشی دیکھنے میں آرہی ہے، جس کی وجہ سے غالب امکان ہے کہ یو اے ای بڑی تعداد میں ان اداروں کے حصص خرید سکتا ہے۔

ریاستی اثاثوں کی فروخت کا ذکر آئی ایم ایف کی اسٹاف لیول رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے، جس میں ریاستی اداروں کی فروخت سے حاصل شدہ سرمایہ کو آمدنی میں شمار کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ذراعت، مائننگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جوائنٹ وینچرز میں سرمایہ کاری کیلیے استعمال کیا جائے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker