
لند ن (آئی پی ایس) پا کستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ میں حائل قانونی پیچیدگیوں کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم نے واپسی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر کے نواز شریف کو بریفنگ دی۔عید کے فوری بعد وکلاء کی جانب سے وکالت نامے نواز شریف کو لندن بھجوائے جائیں گے۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی جائے گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لندن سے پاکستان کیلئے ٹریول کریں گے۔
حفاظتی ضمانت کے دوران ہی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اگر جیل جانا قانوناً ضروری ہوا تو نواز شریف کے گھر کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کی امیدیں اس وقت بڑھ گئیں جب اتوار کے روز قومی اسمبلی نے قانون میں ترمیم کر کے کسی رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کو زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک محدود کر دیا، جس سے تاحیات پابندی والے افراد کے لیے عوامی عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کی راہ ہموار ہو گئی۔
نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر خان ترین ان لوگوں میں شامل ہوں گے جو اس اقدام سے مستفید ہوں گے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے دونوں سینئر سیاستدانوں کو بالترتیب جون اور دسمبر 2017 میں آئین کے آرٹیکل 62(1)(f) کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیگی قائد کی واپسی کے معاملے پر قانونی ٹیم تشکیل کی سربراہی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کریں گے، معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ، عرفان قادر اور قانونی مشیر کمیٹی میں شامل ہوں گے، نواز شریف کے کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز اور دیگر وکلا کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم میاں نواز شریف کے عدالتوں میں جاری کیسز کی پیروی کو تیز کرے گی، سابق وزیر اعظم کی نااہلی اور دیگر کیسز کے خاتمے کیلئے کام میں تیزی لائی جائے گی، قانونی ٹیم نواز شریف کی واپسی میں قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ نواز قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور کی صاحبزادی مریم نواز نے دبئی میں ساتھیوں کے اہم ملاقات کی تھی، ملاقاتوں کے دوران لیگی قائد کی واپسی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ن لیگ کے ذرائع کے مطابق ایک ملاقات معروف تاجروں سے ہوئی جبکہ ایک ملاقات کے دوران نواز شریف کی پاکستان واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا ، لیگی قائد مستقبل قریب میں جلد پاکستان آنا چاہتے ہیں۔
اسی دوران میاں نواز شریف نے سیاسی لائحہ عمل پر دوستوں سے صلاح مشورے کیے ۔اس سے قبل مریم نواز اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں سابق وزیراعظم کو انتخابی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ لیگی قائد کو بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں انتخابی تیاریوں پر بھی آگاہ کیا گیا۔
اسی دوران ایک رپورٹ بھی نواز شریف کو پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب سے کون انتخابی میدان میں اترے گا۔مریم نواز اپنے قائد اور والد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ن لیگی امیدواروں کی پوزیشن مضبوط ہے۔