بین الاقوامی

کینیڈا کے شہر مانیٹوبا میں بس حادثہ، 15 افراد ہلاک، 10 زخمی

اوٹاوا (آئی پی ایس) کینیڈا میں ایک ٹرک اور بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی کینیڈا میں ایک ٹرک اور چھوٹی بس میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

بس میں سوار مسافروں میں زیادہ تعداد بزرگوں کی تھی۔حادثہ ونی پیگ سے 170 کلومیٹر مغرب میں جنوب مغربی مانیٹوبا میں کاربیری قصبے کے قریب دو بڑی سڑکوں کے سنگم پر پیش آیا۔مانیٹوبا رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے کمانڈنٹ اسسٹنٹ کمشنر راب ہل نے کہا کہ تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، افسوس کی بات ہے کہ یہ مانیٹوبا اور پورے کینیڈا میں ایک ایسا دن ہے جسے ایک المیہ اور ناقابل یقین دکھ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے اور پولیس نے بتایا کہ 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔پولیس نے کہا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز زندہ ہیں تاہم اس بارے تصدیق نہیں ہو سکی کہ حادثے کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان لوگوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔

ٹروڈو نے کہا کہ میں اس درد کا تصور نہیں کر سکتا جو متاثرہ لوگ محسوس کر رہے ہیں۔مانیٹوبا کی پریمیئر ہیدر سٹیفنسن نے ٹویٹر پر کہا کہ کاربیری کے قریب المناک حادثے کی خبر سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker