
اسلام آباد (آئی پی ایس)سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے اور بطور سی بی اے مزدوروں کی ترجمانی کرتی ہے،ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،
ان خیالات کااظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمدیٰسین،صدراورنگزیب خان و دیگر عہدیداران نے ہفتہ وارچھٹی کو ختم کرنے کے غیر قانونی نوٹیفکیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں کیا،احتجاجی مظاہرہ سی بی اے کمیٹی انوائرمنٹ و پارک ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام انوائرمنٹ آفس میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں مزدوروں نے بھرپور شرکت کی
اس موقع پر قائد مزدورچوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم قومی صنعتی تعلقات ایکٹ 2012کے تحت اور ملازمین کی ووٹ کی طاقت سے منتخب ہوئے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے مزدوروں کے مسائل حل کرناچاہتے ہیں لیکن انتظامیہ بطور سی بی اے ہمارے ساتھ کسی قسم کی مشاورت نہیں کر رہی جس سے ادارے کے مزدوروں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے،انھوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے بغیر مشاورت کے غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا
جس میں ہفتہ وار چھٹی کو ختم کیا گیا جو کہ آئین پاکستان،عالمی ادارہ محنت کے کنونشزاور لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں،اسلام آباد ملک کا دارلخلافہ ہے،یہ مزدوروں کا ادارہ ہے اور سی ڈی اے کے مزدوروں نے اس شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا اہم کرداراداکیا ہے،ملک اس وقت مختلف مسائل کا شکار ہے اور مالی طور پر کمزورہورہا ہے ان حالات میں اس طرح کے اقدامات سے عدم استحکام پیداہوگا،اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہم رنگ،نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر مزدوروں کی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مزدوروں کے مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دی ہے،
انھوں نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے کو سی ڈی اے میں بطور چیئرمین تعینات ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ چیئرمین سی ڈی اے قانون کی بالادستی کوقائم رکھتے ہوئے مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے نمائندہ یونین کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنائیں گے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ اسلام آبادشہر کو خوبصورت بنانے اور ادارے کی ترقی کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین سی ڈی اے کے ویژن کے مطابق ہر ممکن تعاون کریں گے،سی ڈی اے ملازمین کے مسائل جن میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ،بچوں کی بھرتی،وزیراعظم پیکج کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کی مستقلی،ٹائم سکیل پروموشن،فیلڈ سٹاف کی ترقیوں اور سی ڈی اے سروس ریگولیشن میں ضروری ترامیم کو
ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ انوائرمنٹ و پارک ڈائریکٹوریٹ کی ہفتہ وار چھٹی کے نوٹیفکیشن سمیت دیگر مسائل پر فوری طورپر سی بی اے سے مذاکرات کیے جائیں تاکہ باہمی مشاورت سے تمام مسائل کو حل کیا جائے جس سے شہر کا صنعتی امن برقراررہ سکے اور مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے،اگر ہمارے ملازمین کے تحفظات دورنہ کیے گئے تو احتجاج ہماراجمہوری حق ہے اور اس حق کو استعمال کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔





