اسلام آباد(آئی پی ایس) ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال میں ایک نوجوان خاتون نے چار بچوں کو جنم دیا۔ہسپتال کے شعبہ امراض نسواں میں بچوں کی پیدائش سیزرین سیکشن کے ذریعے ہوئی۔
چاروں بچے جن میں ایک بچی اور تین بچے شامل ہیں اورانکی ماں محفوظ اور صحت مند ہیں۔ بچوں کی کامیاب پیدائش پر والدین خوش ہیں اور اللہ تعالیٰ اور ہسپتال کی ٹیم کے مشکور ہیں۔گائنی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ کانت نے اس کیس کو کامیابی سے نمٹانے کے لیے اپنی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد دی اور سراہا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مسلسل تعاون اور حوصلہ افزائی پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے کہا کہ اے این ٹی ایچ کا اوبس اینڈ گائنی ڈیپارٹمنٹ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے جہاں اس طرح کے کیسز کے ساتھ ساتھ دیگر پیچیدہ حمل اور ڈیلیوری کے کیسز کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال ماوں، بچوں اور دیگر تمام مریضوں کو جامع دیکھ بھال بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کرتا ہے۔