
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف کی منی لانڈرنگ کے ذریعے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اسکے علاوہ ملقات میں امیر ممالک کی جانب سے غریب ملکوں سے دولت کی غیرقانونی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے، دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکا ہے، سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے، عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے مؤثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر نے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف سے اظہارِ تشکر کیا۔
واضح رہے کہ ملاقات میں مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔