
اسلام آباد/کراچی (آئی پی ایس ) پنجاب کے بعد سندھ اور اسلام آباد میں بھی کاروباری اوقات کار پر پابندیوں کا حکم نامہ وقتی طور پر معطل کردیا گیا۔
عیدالاضحی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دکانوں کی بندش سے متعلق احکامات 10 جولائی تک معطل کر دیے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق دکانوں کی بندش کے احکامات معطل کرنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔11جولائی سے دکانوں کی بندش کے اوقات کار پرانے نوٹیفکیشن کے مطابق ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ11 جولائی سے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔
علاوہ ازیں محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق یہ فیصلہ عید الاضحی کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کانوٹیفکیشن11جولائی کو ایک بار پھر نافذ العمل ہوگا۔خیال رہے کہ سندھ حکومت نے توانائی بحران پرقابو پانے کے لیے 9 بجے کاروباری مراکز بند کرنیکا حکم دیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعلی پنجاب نے عوام اور تاجر برادری کو بڑی عید سے قبل بڑا تحفہ دیدیا، حمزہ شہباز نے مارکیٹوں اور بازاروں کورات 9 بجے رات بند کرنے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر میں آج سے ہو گا، چاند رات تک مارکیٹوں اور بازاروں پر وقت کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا، پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ تاجر برادری اور عوام کی سہولت کیلئے کیا ہے، فیصلے سے کاروبار اور شاپنگ میں آسانیاں پیدا ہوں گی، 9جولائی کی رات تک مارکیٹوں اور بازاروں پر وقت کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا ۔