
اسلام آباد(آئی پی ایس) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین سے امداد پاک فوج کے باعث ملی، حکومت کو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بے ساکھیوں کا سہارا ہے جو جلد گرنے والی ہے کیونکہ اکثریت حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہوراور فیصل آباد میں ضمنی انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ کر حکومت دھڑم سے گرجائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ن اور ش کے حالات جلد سامنے آئیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت چین سے امداد ملنےکا شور ڈال رہی ہے، اس حکومت کو کوئی بھی ملک ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ، چین سے یہ امداد پاک فوج کے باعث ملی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران تھوڑ پھوڑ کے کیس میں شیخ رشید اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت پہنچے تھے۔